ڈی ایچ اے لاہور میں 16 کروڑ کی ڈکیتی کرنے والے ملزمان دینہ میں پولیس ناکہ بندی توڑ کر بھاگ گئے، سرچ آپریشن جاری

جہلم/دینہ: لاہور کے علاقے ڈیفنس اے میں کروڑوں روپے کی ڈکیتی کرنے والے ملزمان دینہ میں پولیس کی ناکہ بندی دیکھ کر گاڑی چھوڑ کر فرار ہو گئے جبکہ پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق لاہور کے علاقے ڈی ایچ اے میں تقریباً 16 کروڑ روپے کی ڈکیتی کے بعد ملزمان مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے منڈی بہاؤالدین اور گجرات کے راستے دینہ پہنچے۔ اطلاع ملنے پر جہلم پولیس نے جی ٹی روڈ دینہ پر ناکہ بندی کر رکھی تھی تاہم تینوں ملزمان پولیس کو دیکھتے ہی اپنی آلٹو گاڑی چھوڑ کر فیملی اسپتال دینہ کے قریب گلی سے فرار ہو گئے۔

ڈی ایس پی صدر شہباز ہنجرہ کے مطابق واقعہ کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ڈرون کیمروں کی مدد سے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ ڈی پی او جہلم بھی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر موجود ہیں اور مختلف مقامات پر ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے تلاشی کا عمل جاری ہے۔

دوسری جانب لاہور میں گزشتہ روز اس واردات کے بعد پولیس نے شہر بھر میں ناکہ بندی کر رکھی تھی۔ گجومتہ کے علاقے میں آپریشن پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ تین فرار ہو گئے تھے۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق سیف سٹی کیمروں کی مدد سے مشکوک گاڑی کو ٹریس کیا گیا تھا۔ پولیس نے جب گاڑی کو روکنے کی کوشش کی تو ڈاکوؤں نے فائرنگ شروع کر دی جس پر پولیس نے جوابی کارروائی کی۔ پولیس نے ڈکیتی میں استعمال ہونے والی گاڑی قبضے میں لے لی ہے جبکہ فرار ہونے والے ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

پولیس کے مطابق چار ڈاکوؤں نے گزشتہ روز سفید رنگ کی کار پر ایک گھر میں داخل ہو کر ڈکیتی کی واردات کی تھی جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے۔

Exit mobile version