دربارِ عالیہ بابا بگا شیرؒ کا سالانہ عرس 28 اکتوبر کو عقیدت و احترام سے منایا جائے گا

جہلم برلب جی ٹی روڈ گجر پور میں واقع دربارِ عالیہ بابا بگا شیرؒ کا سالانہ عرسِ مبارک 28 اکتوبر کو عقیدت، محبت اور روحانیت کی فضا میں منعقد ہوگا۔ عاشقانِ بابا بگا شیرؒ کے دل خوشی سے سرشار ہیں اور گجر پور کا آسمان ذکر و نعت کی صداؤں سے گونجنے کو تیار ہے۔

دربار شریف کے خادمِ خاص چوہدری اختر اقبال سونی گجر کے مطابق عرس کی روح پرور تقریبات کا آغاز 28 اکتوبر کی صبح 11 بجے غسلِ دربار شریف اور ختم شریف سے کیا جائے گا۔ شام کے وقت خصوصی محافلِ ذکر و نعت منعقد ہوں گی جبکہ رات 8 بجے محفلِ سماع کا انعقاد کیا جائے گا جس میں معروف قوال حضرات عشقِ الٰہی اور عشقِ رسول ﷺ کے نغمے پیش کریں گے اور حاضرین کو روحانی کیف و سرور میں مبتلا کر دیں گے۔

چوہدری اختر اقبال سونی گجر نے مزید بتایا کہ زائرین کے لیے خصوصی لنگر، وضو اور قیام و طعام کے وسیع انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ عاشقانِ اولیاء کو کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ "بابا بگا شیرؒ کا عرس صرف ایک تقریب نہیں بلکہ عشق و عقیدت کی تجدید اور روحانی سکون کا ذریعہ ہے۔”

عرس کی مناسبت سے دربار عالیہ میں چراغاں، درود و سلام کی محفلیں اور روح پرور نعتیہ اجتماعات کا سلسلہ جاری رہے گا۔ فضاؤں میں عطر و نور کی مہک اور درود و سلام کی صدائیں اس بات کی نوید دے رہی ہیں کہ 28 اکتوبر کو گجر پور عشق و عقیدت کا مرکز بن جائے گا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button