آزادی فلوٹ کی آمد، ضلعی انتظامیہ جہلم کی جانب سے شاندار انتظامات، شہر میں جوش و خروش کا عالم

جہلم: پاکستان کے 77 ویں یومِ آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں راولپنڈی سے شروع ہونے والا آزادی فلوٹ آج جہلم پہنچے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر اس فلوٹ کو تیار کیا گیا ہے تاکہ قوم کی عظیم قربانیوں اور تحریک آزادی کی جدوجہد کو نمایاں کیا جا سکے۔ اس تاریخی فلوٹ کی آمد کے موقع پر جہلم کے شہریوں میں زبردست جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔
جہلم شہر کے مرکزی جادہ چوک میں آزادی فلوٹ کا باضابطہ استقبال کیا جائے گا، آزادی فلوٹ کی آمد کے ساتھ ساتھ ضلعی انتظامیہ جہلم کی جانب سے ایک شاندار تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ اس تقریب میں میوزک کنسرٹ، دھمال ڈھول اور روایتی رقص کے مظاہرے شامل ہیں جو پاکستان کے متنوع ثقافتی ورثے کی عکاسی کریں گے۔
فلوٹ میں تحریک آزادی سے متعلق ڈاکومینٹریز پیش کی جائیں گی جن میں برصغیر کے مسلمانوں کی عظیم قربانیوں اور جدوجہد کی داستانوں کو اجاگر کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ قائد اعظم محمد علی جناح کی تقاریر اور ملی نغمے بھی اس فلوٹ کا حصہ ہوں گے، جن کے ذریعے عوام میں حب الوطنی کا جذبہ اجاگر کیا جائے گا۔
مقامی گلوکاروں کی پرفارمنس بھی تقریب کا حصہ ہوگی جو عوام کو محظوظ کریں گے اور جشن آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کریں گے۔فلوٹ میں پاکستان کے تمام صوبوں اور اکائیوں کی نمائندگی کو یقینی بنایا گیا ہے۔
فلوٹ پر مینار پاکستان، مزار قائد، قائد اعظم ریزیڈنسی کوئٹہ، خیبر پاس، گلگت اور آزاد کشمیر کے ثقافتی رنگ بھی نمایاں طور پر دکھائے جائیں گے جو پاکستان کے مختلف علاقوں کی ثقافت اور ورثے کی عکاسی کریں گے۔ یہ فلوٹ پاکستان کے متنوع کلچر، قومی اتحاد اور مشترکہ ورثے کی علامت کے طور پر پیش کیا جارہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی نے کہا کہ آزادی فلوٹ نہ صرف ہمارے قومی ورثے کی نمائندگی کرتا ہے بلکہ اس کے ذریعے ہم اپنی نوجوان نسل کو پاکستان کی عظیم تاریخ سے روشناس کروا سکتے ہیں۔



