ضلع جہلم کے مراکز صحت میں خصوصی ڈیپ کلیننگ آپریشن جاری

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر ضلع بھر کے تمام سرکاری مراکز صحت میں خصوصی ڈیپ کلیننگ آپریشن جاری ہے۔ اس مہم کا مقصد ہسپتالوں اور مراکز صحت میں صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنانا اور مریضوں، تیمارداروں اور طبی عملے کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق اس خصوصی صفائی مہم کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنرز اپنی اپنی تحصیلوں میں کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں مختلف مراکز صحت کا دورہ کر کے صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ حکومتی ہدایات پر مؤثر انداز میں عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
ڈیپ کلیننگ آپریشن کے دوران وارڈز، انتظار گاہوں، داخلی و خارجی راستوں، راہداریوں اور واش رومز سمیت مراکز صحت کے مختلف حصوں کی صفائی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ جراثیم کش اسپرے، واشنگ اور دیگر ضروری اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں تاکہ مریضوں اور عملے کو صحت مند ماحول میسر آ سکے۔
خصوصی طور پر واش رومز کی مکمل دھلائی اور جراثیم کش ادویات کے استعمال کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ کسی قسم کی بدبو، آلودگی یا غیر صحت بخش صورتحال پیدا نہ ہو اور صفائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے ہدایت کی ہے کہ صحت کے مراکز میں صفائی کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے اور تمام متعلقہ ادارے روزانہ کی بنیاد پر مؤثر مانیٹرنگ اور نگرانی کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ صاف اور محفوظ ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ نے اس عزم کا آعادہ کیا ہے کہ ضلع بھر کے تمام مراکز صحت کو مکمل طور پر صاف، فعال اور معیاری بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کو بہتر اور باوقار طبی سہولیات میسر آ سکیں۔



