عید الاضحیٰ کی آمد؛ جہلم میں قربانی کے جانوروں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں

جہلم: عید الاضحیٰ کی آمد، قربانی کے جانوروں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں، متوسط طبقے کے لیے قربانی کا حصول مشکل ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق عید الاضحیٰ کی آمد کے ساتھ ہی جہلم شہر میں قربانی کے جانوروں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس کے باعث متوسط طبقے کے لیے سنتِ ابراہیمی کی ادائیگی ایک چیلنج بنتی جا رہی ہے۔
شہریوں کی بڑی تعداد نے عید کی تیاریوں کے سلسلے میں جانوروں کی خریداری کا آغاز کر دیا ہے، تاہم دنبوں، بکروں اور چھتروں کی قیمتیں اس قدر زیادہ ہو چکی ہیں کہ عوام کا رجحان بیل، گائے، کٹا اور اونٹ کی اجتماعی قربانی کی طرف بڑھ رہا ہے۔
مویشی منڈیوں میں ایک درمیانے درجے کے بکرا کی قیمت 80 ہزار سے زائد جبکہ دنبہ ایک لاکھ تک جا پہنچا ہے، جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ مہنگائی نے کس حد تک اثر ڈالا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ جانوروں کی قیمتوں میں کمی کے لیے کوئی خاطر خواہ حکومتی اقدامات نظر نہیں آ رہے، جس سے قربانی کا جذبہ رکھنے والے افراد کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔
عوامی حلقوں کا مطالبہ ہے کہ ضلعی انتظامیہ جانوروں کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنائے، تاکہ ہر طبقہ بالخصوص متوسط اور کم آمدنی والے افراد بھی سنتِ ابراہیمی ادا کر سکیں۔



