بیٹے کی شہادت پر مسکراتا باپ، وطن سے محبت کی لازوال مثال

گزشتہ روز خیبرپختونخوا (کے پی کے) میں فتنۃ الخارج کے خلاف مقابلے کے دوران وطن عزیز پر جان کا نذرانہ پیش کرنے والے جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے نواحی گاؤں چوران کے بہادر سپوت محمد اسحاق کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقے میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔

تدفین کے موقع پر ایک انتہائی جذباتی مگر حوصلہ افزا منظر دیکھنے کو ملا، جب شہید کے والد نیامت خان نے مسکراتے ہوئے اپنے بیٹے کی قربانی پر فخر کا اظہار کیا۔ انہوں نے نہایت وقار کے ساتھ قومی پرچم اسٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر ساجد سے وصول کیا، جو اس بات کی علامت ہے کہ شہید نے اپنی جان وطن کی سلامتی کے لیے قربان کی۔

اس موقع پر فضا "پاکستان زندہ باد” اور "پاک فوج زندہ باد” کے نعروں سے گونج اٹھی، جبکہ ہر آنکھ اشکبار تھی مگر دل فخر سے سرشار تھے۔ شہید کے والد کا مسکراتا چہرہ اس عزم، حوصلے اور ایمان کی عکاسی کر رہا تھا جو ایک سچے محبِ وطن کا خاصہ ہوتا ہے۔

اہلِ علاقہ، عزیز و اقارب اور شرکاء نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے شہید کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ شہداء کی قربانیاں ہی اس ملک کی بقا اور سلامتی کی ضمانت ہیں۔

یہ حقیقت ہے کہ شہداء قوم کا فخر اور سرمایہ ہوتے ہیں، جن کی قربانیوں کی بدولت ہم آج آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں۔ ایسے بہادر سپوتوں کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جاتیں بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ بن جاتی ہیں۔

بیٹے کی شہادت پر مسکراتا باپ پوری قوم کے لیے صبر، استقامت اور وطن سے بے لوث محبت کی ایک زندہ مثال بن گیا ہے، جو ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ وطن کی خاطر ہر قربانی کم ہے اور یہی جذبہ قوموں کو زندہ رکھتا ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button