جہلم میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں عوام اور فلاحی تنظیموں کا ریلیف مشن جاری، حکومتی امداد غائب

جہلم: سیلابی ریلوں سے متاثرہ تحصیل سوہاوہ، تحصیل جہلم اور تحصیل پنڈ دادن خان کی اجڑی بستیوں میں امید کے چراغ عوام اور فلاحی تنظیمیں اپنی مدد آپ کے تحت روشن کر رہی ہیں۔
علاقہ مکینوں اور سماجی شخصیات نے سیلاب زدہ خاندانوں کے لیے خوراک، ادویات اور دیگر ضروری سامان کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ بزرگوں کو ادویات، بچوں اور خواتین کے لیے کھانے پینے کا بندوبست بھی مقامی لوگ کر رہے ہیں، جسے متاثرین نے بہترین عمل قرار دیا ہے۔
متاثرہ خاندانوں کا کہنا ہے کہ سیلاب کے دنوں میں مختلف سرکاری محکموں کے افسران نے دورے کیے اور نقصانات کے ازالے کے وعدے بھی کیے، مگر یہ سب وقتی طفل تسلیاں ثابت ہوئیں۔ چند دن بعد سرکاری اداروں نے ان کا حال تک پوچھنا چھوڑ دیا۔
متاثرین نے شکوہ کیا کہ حکومت کی طرف سے کسی قسم کی عملی امداد فراہم نہیں کی گئی، تاہم علاقہ کی معزز شخصیات، عزیز رشتہ داروں اور فلاحی تنظیموں نے بحالی کے اقدامات شروع کر رکھے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ "انشاءاللہ ہم جلد اپنے پاؤں پر کھڑے ہوں گے۔”



