جہلم کے قتل کیس کا فیصلہ؛ عدالت نے دو مجرمان کو عمر قید اور بھاری جرمانے کی سزا سنا دی

جہلم: عدالت کا بڑا فیصلہ، قتل کیس میں دو مجرمان کو عمر قید سمیت 23 سال قید اور بھاری جرمانے کی سزا سنا دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کے تھانہ کالا گجراں میں درج قتل کے ایک سنگین مقدمہ کا فیصلہ عدالت نے سنا دیا۔ مقدمہ نمبر 420/24، بجرم 302/34/392/411 میں ملوث دو ملزمان احسن علی اور دانش علی کو جرم ثابت ہونے پر عمر قید سمیت مختلف سزاؤں کا حکم دے دیا گیا ہے۔

سال 2024 میں احسن علی اور دانش علی نے سفاکی سے ایک شہری کو قتل کیا اور واردات کے دوران اس کا قیمتی سامان بھی چھین لیا۔ واقعہ کے فوراً بعد جہلم پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجرمان کو ٹریس کیا اور گرفتار کر کے مکمل اور ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں چالان پیش کیا۔

مقدمہ کی تفتیش اور پیروی کے دوران پولیس کی انویسٹی گیشن ٹیم نے مجرمان کے خلاف ناقابل تردید شواہد پیش کیے جن کی بنیاد پر عدالت نے فیصلہ سنایا۔

عدالت نے قتل کے جرم میں دونوں مجرمان کو عمر قید اور 10 لاکھ روپے فی کس جرمانہ، ڈکیتی کے الزام میں 10 سال قیدِ بامشقت اور 1 لاکھ روپے فی کس جرمانہ جبکہ مسروقہ مال رکھنے کے الزام میں 3 سال قیدِ بامشقت اور 50 ہزار روپے فی کس جرمانہ کی سزا سنائی۔ یہ فیصلہ قانون کی عملداری اور انصاف کی فراہمی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے اس کیس میں کامیاب تفتیش اور پیروی پر انویسٹی گیشن اور لیگل ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی اور ان کے لیے تعریفی اسناد اور نقد انعامات دینے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جہلم پولیس سنگین نوعیت کے مقدمات میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے اور مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور ایسے عناصر جو معاشرے کے امن کو تباہ کرنے کی کوشش کریں گے، ان کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ عدالت کا یہ فیصلہ انصاف کی فتح اور جہلم پولیس کی انتھک محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button