ممتاز سماجی شخصیت ماسٹر عبدالعزیز انتقال کر گئے

پڑی درویزہ: نواحی علاقے بھُلہ موہڑہ کے رہائشی ممتاز سماجی شخصیت اور گورنمنٹ ہائی سکول پڑی درویزہ کے سابق پرائمری سکول ٹیچر ماسٹر عبدالعزیز اچانک حرکتِ قلب بند ہونے کے باعث انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 54 برس تھی۔
مرحوم کے پسماندگان میں بیوہ، دو بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔ وہ علاقے میں ایک مثالی استاد اور بہترین سماجی کارکن کے طور پر جانے جاتے تھے اور طلبہ کی تربیت میں ان کا کردار ہمیشہ قابلِ تحسین رہا۔
ماسٹر عبدالعزیز نے 1990ء کی دہائی میں محکمہ تعلیم میں بطور پرائمری سکول ٹیچر اپنی خدمات کا آغاز گورنمنٹ مڈل سکول دئیوال سے کیا، بعد ازاں گورنمنٹ ہائی سکول پڑی درویزہ کے پرائمری سیکشن میں تعینات ہو گئے جہاں انہوں نے طویل عرصہ تک خدمات انجام دیں اور 25 سالہ ملازمت کے بعد ریٹائرمنٹ حاصل کی۔
مرحوم کی نمازِ جنازہ میں بڑی تعداد میں اہلِ علاقہ نے شرکت کی، جو ان کی عوامی مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت تھی۔ نمازِ جنازہ کی امامت سجادہ نشین دربار عالیہ چھبر سیداں پیر سید غلام شاہ نے کی، جبکہ جنازہ میں 15 بڑی صفیں قائم ہوئیں۔
نمازِ جنازہ میں علاقہ بھر کی سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی، جن میں سابق جنرل کونسلر صوبیدار (ر) نمبردار محمد الیاس، راجہ شہزاد تنویر، شاہد محمود مغل، ملک محمد شفیق، حاجی امیر زمان، پروفیسر افتخار محمود سمیت دیگر معززین شامل تھے۔
مرحوم کے انتقال پر علاقے میں گہرے دکھ اور افسوس کی لہر دوڑ گئی، جبکہ اہلِ علاقہ نے انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھنے کا عزم کیا۔



