جہلم: شہریوں کے مسائل کے حل میں غفلت یا تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، ڈی پی او شفیق احمد چوہدری

جہلم: وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن اور آئی جی پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی کے مطابق ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی جانب سے ڈی پی او آفس جہلم میں روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہری کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد شرکت کرکے اپنے مسائل، شکایات اور درخواستیں براہِ راست ڈی پی او کے سامنے پیش کر رہی ہے۔
کھلی کچہری کے دوران ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے شہریوں کے مسائل خود سنے اور مختلف نوعیت کی شکایات پر متعلقہ افسران کو موقع پر ہی فوری کارروائی اور مسائل کے حل کے لیے ضروری احکامات جاری کیے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کی شکایات کو میرٹ اور ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور کسی قسم کی غفلت یا تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
ڈی پی او جہلم کا کہنا تھا کہ کھلی کچہری کے انعقاد کا مقصد شہریوں کو فوری انصاف کی فراہمی اور ان کے مسائل کا بروقت حل یقینی بنانا ہے۔ پولیس عوام کی خدمت کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے، جبکہ شہریوں کے ساتھ براہِ راست رابطہ اور ان کی شکایات کا فوری ازالہ پولیس کی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو مزید ہدایت کی کہ شہریوں کی جانب سے پیش کی جانے والی درخواستوں پر مقررہ وقت کے اندر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور کارروائی کی رپورٹ بھی پیش کی جائے۔ کسی شکایت کے حل میں غیر ضروری تاخیر یا غفلت کی صورت میں ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈی پی او شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ شہریوں کے مسائل کے حل، بروقت انصاف کی فراہمی اور عوام دوست پولیسنگ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔



