جہلم: گورنمنٹ کمپری ہینسو اسکول جہلم میں اساتذہ میں ترقی کے نوٹیفکیشنز کی تقسیم کے حوالے سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی، ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی جہلم میر رضا اوزگن اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن نازیہ شہزادی نے شرکت کی۔
تقریب میں ضلع بھر کے مختلف تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے ترقی پانے والے اساتذہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر اساتذہ کی تعلیمی خدمات، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور شعبہ تعلیم کے فروغ کے لیے ان کی کاوشوں کو بھرپور انداز میں سراہا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ اساتذہ کسی بھی قوم اور معاشرے کی ترقی میں بنیادی ستون کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کی تعلیم و تربیت میں اساتذہ کی خدمات مستقبل کی مضبوط بنیاد ہیں اور ان کی محنت و لگن قومی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے کہا کہ معیاری تعلیم کے فروغ اور نوجوان نسل کی بہترین تربیت کے لیے اساتذہ کی ذمہ داریاں انتہائی اہم ہیں، جبکہ حکومت اساتذہ کے مسائل کے حل اور تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
تقریب کے اختتام پر ترقی پانے والے اساتذہ کو مبارکباد پیش کی گئی جبکہ مہمانانِ خصوصی نے اساتذہ میں ترقی کے نوٹیفکیشنز تقسیم کیے اور ان کے لیے مستقبل میں مزید کامیابیوں اور بہترین تعلیمی خدمات کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
