پنڈدادنخان/ جہلم: گورنمنٹ گرلز کالج جلالپورشریف اساتذہ کی شدید کمی کا شکار ہو گیا ہے، جبکہ یونیورسٹی آف گجرات نے کالج کا الحاق بھی معطل کر دیا ہے، جس کے باعث سینکڑوں طالبات کا تعلیمی مستقبل داؤ پر لگ گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کالج میں اس وقت صرف ایک ٹیچر اور ایک پرنسپل تعینات ہیں، جبکہ تدریسی عملے کی عدم دستیابی کے باعث باقاعدہ کلاسز کا آغاز بھی ممکن نہیں ہو سکا۔ محکمہ ہائر ایجوکیشن کی عدم توجہی کے باعث طالبات کا قیمتی تعلیمی سال ضائع ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
یونیورسٹی آف گجرات کی جانب سے کالج کا الحاق معطل کیے جانے کے بعد طالبات اور ان کے والدین شدید پریشانی سے دوچار ہیں۔ انہیں خدشہ ہے کہ اس صورتحال کے باعث طالبات کی تعلیم متاثر ہونے کے ساتھ ان کا تعلیمی سال بھی ضائع ہو سکتا ہے۔
علاقہ مکینوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ گورنمنٹ گرلز کالج جلالپورشریف میں فوری طور پر تدریسی عملہ تعینات کرکے اساتذہ کی کمی دور کی جائے اور یونیورسٹی آف گجرات سے کالج کا الحاق بحال کروانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں، تاکہ سینکڑوں طالبات کا تعلیمی مستقبل محفوظ بنایا جا سکے۔
