دینہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 34 سالہ رکشہ ڈرائیور قتل

دینہ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے 34 سالہ رکشہ ڈرائیور کو قتل کر دیا، لاش کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں منگل کی رات کو مالدیو کا رہائشی 34 سالہ رکشہ ڈرائیور اشفاق احمد ولد محمد الطاف مزدوری کے بعد رکشہ پر گھر آ رہا تھا کہ روہتاس روڈ پر ریحالہ گیس پلانٹ کے قریب نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر دی۔

مقتول اشفاق احمد (تصویر: عامر کیانی)

فائرنگ کے نتیجہ میں رکشہ ڈرائیور موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ نامعلوم ملزمان واردات کے بعد فرار ہو گئے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ لواحقین کے مطابق مقتول اشفاق کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے۔ تھانہ دینہ پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردیا ہے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ تمام زاویوں سے تحقیقات کی جارہی ہیں، جلد قتل کا سراغ لگالیں گے۔

Exit mobile version