پاکستان کو سیاسی استحکام کے ساتھ معاشی استحکام کی بھی اشد ضرورت ہے، راجہ یاور کمال

پڑی درویزہ/ سوہاوہ: استحکام پاکستان پارٹی ضلع جہلم کے رہنما اور سابق ایم پی اے راجہ یاور کمال نے کہا ہے کہ پاکستان کو آج سیاسی استحکام کے ساتھ ساتھ معاشی استحکام کی بھی اشد ضرورت ہے، کیونکہ موجودہ حالات میں ملک معاشی طور پر شدید مشکلات سے دوچار ہے اور سیاسی استحکام کے ساتھ معاشی استحکام بھی ناگزیر ہو چکا ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز پڑی درویزہ تحصیل سوہاوہ میں سماجی کارکن ماسٹر شاہد محمود مغل کی والدہ مرحومہ کی فاتحہ خوانی کے بعد دورانِ گفتگو کیا۔ راجہ یاور کمال نے کہا کہ اس وقت پاکستان سیاسی کے ساتھ ساتھ معاشی طور پر بھی بہت مشکلات کا شکار ہے، اس لیے آج ملک کو سیاسی استحکام سے زیادہ معاشی استحکام کی ضرورت محسوس ہو رہی ہے۔ ان کے مطابق سیاسی استحکام کے حوالے سے بھی موجودہ صورتحال میں عوام اور حکمران طبقات کے درمیان فاصلے کا تاثر پایا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران طبقات کی ترجیحات میں عوام کی معاشی صورتحال کو وہ اہمیت نہیں مل رہی جو ملنی چاہیے۔ جب تک حکمران طبقات عوام کے ساتھ اپنے بنیادی تعلق کو ثابت کرتے ہوئے ان کے بنیادی حقوق، روزگار، تعلیم، صحت اور رہائش جیسے مسائل کو ترجیح نہیں دیں گے، اس وقت تک پاکستان میں حقیقی عوامی استحکام کا آنا مشکل رہے گا۔
راجہ یاور کمال نے کہا کہ ملک کی مضبوطی اور استحکام کے لیے ضروری ہے کہ عوام کو درپیش بنیادی مسائل کے حل پر توجہ دی جائے اور معاشی مشکلات کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں، تاکہ عام شہری بھی بہتر اور باعزت زندگی گزار سکے۔
بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں راجہ یاور کمال نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے جو خبریں گردش کر رہی ہیں، ان میں تاحال صداقت بہت کم دکھائی دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے حتمی صورتحال واضح نہیں ہے۔



