پنڈدادنخان کے علاقہ تھل میں پینے کے پانی کا بحران، ناجائز کنکشن کے خلاف ایکشن، مزاحمت پر مقدمہ درج

پنڈدادنخان: علاقہ تھل میں پینے کے پانی کا بحران، ناجائز کنکشن لگانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا سلسلہ شروع، بھیلوال میں ناجائز واٹر سپلائی کنکشن کانٹے پر مزاحمت کرنے والے 3 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لئے گئے۔

تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان اسامہ شیرون نیازی کی ہدایات پر پنڈدادنخان کے علاقہ تھل میں پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے عملی اقدامات ناجائز کنکشن لگانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔

بھیلووال میں واٹر سپلائی کی مین لائن سے 3 افراد نے غیر قانونی کنکشن لگا رکھا تھا جس کو پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کا عملہ کاٹنے کیلئے موقع پر پہنچا تو محمد نذیر، محمد مشتاق اور محمد انور نے مزاحمت شروع کر دی جس پر فوری قانونی کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کرا دیا گیا۔

اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان اسامہ شیرون نیازی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پینے کا صاف پانی ہر فرد کا بنیادی حق ہے جس کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے بھرپور اقدامات کریں گے۔ غیر قانونی واٹر سپلائی کنکشن رکھنے والے افراد کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ علاقہ تھل کے سب سے بڑے گاؤں کندوال میں اس وقت پانی کا بحران شدت اختیار کر چکا ہے جس کو فوری حل کرنے کی ضرورت ہے۔

Exit mobile version