دینہ: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر دینہ تیمور خان اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر میاں مظہر حیات نے آر ایچ سی دینہ میں آتشزدگی کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو 1122 کی جانب سے منعقدہ عملی مشق کا جائزہ لیا۔
مشق کا مقصد ہسپتال کے عملے کی ہنگامی تیاریوں، فوری ردعمل اور مریضوں و عملے کی جانوں کے تحفظ کے انتظامات کو مزید مؤثر بنانا تھا۔
عملی مشق کے دوران آتشزدگی کی فرضی صورتحال پیدا کی گئی، جس پر ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے فوری کارروائی، آگ پر قابو پانے، ابتدائی طبی امداد اور متاثرہ افراد کے محفوظ انخلاء سے متعلق عملی طریقۂ کار کا مظاہرہ کیا۔
مشق کے دوران ہسپتال کے عملے اور متعلقہ اداروں نے آتشزدگی کی صورت میں فوری رسپانس، فائر فائٹنگ، مریضوں اور دیگر افراد کے محفوظ انخلاء، ابتدائی طبی امداد اور متاثرین کی محفوظ منتقلی کے مختلف مراحل کا عملی مظاہرہ کیا۔
اسسٹنٹ کمشنر دینہ تیمور خان نے مشق کے مختلف مراحل کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ عملے کو ہنگامی حالات میں بروقت، منظم اور باہمی رابطے کے ساتھ کارروائی یقینی بنانے کی ہدایات دیں۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر دینہ نے مریم نواز ہسپتال دینہ کا بھی دورہ کیا، جہاں ریسکیو 1122 کے حکام کی موجودگی میں فائر ہائیڈرنٹس کی تنصیب کے لیے موزوں مقامات کا تعین کیا گیا۔ اس اقدام کا مقصد ہنگامی صورتحال میں پانی کی فوری دستیابی اور آگ پر بروقت قابو پانے کے انتظامات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر میاں مظہر حیات نے کہا کہ ہنگامی حالات میں بروقت کارروائی، مؤثر رابطہ کاری اور مریضوں کے تحفظ کے لیے ادارہ جاتی تیاری انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ اور متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے حفاظتی اقدامات اور عملی تیاریوں کو مسلسل بہتر بنایا جائے۔
