جہلم پولیس کا ضلع بھر میں سرچ آپریشن اور ناکہ بندیاں، منشیات فروش اور اسلحہ بردار ملزم گرفتار

جہلم پولیس نے ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سپیشل سرچ آپریشنز اور ناکہ بندیوں کے دوران متعدد افراد، گھروں، ہوٹلوں اور بس اسٹینڈز کی چیکنگ کی جبکہ منشیات فروش اور ناجائز اسلحہ رکھنے والے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ضلع بھر میں 16 مختلف مقامات پر سرچ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران 384 افراد، 144 گھروں اور 15 ہوٹلوں و بس اسٹینڈز کو چیک کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق دوران سرچ آپریشن تھانہ سٹی کے علاقہ میں منشیات فروش ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے اس کے قبضے سے 01 کلو 210 گرام چرس برآمد کی گئی۔

اسی طرح تھانہ ڈومیلی کے علاقہ میں کارروائی کرتے ہوئے ناجائز اسلحہ رکھنے والے ایک ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے پسٹل 30 بور معہ ایمونیشن برآمد کر لیا گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں، جرائم پیشہ عناصر اور قانون شکن افراد کی سرکوبی جبکہ اہم تنصیبات کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کیلئے ضلع بھر میں سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

جہلم پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک شخص، غیر قانونی طور پر مقیم افراد یا جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو آگاہ کریں۔

پولیس کے مطابق بروقت اطلاع نہ صرف کسی بڑے جرم کو روکنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے بلکہ معاشرے میں امن و امان کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ شہری کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع قریبی تھانے یا پولیس ہیلپ لائن 15 پر دے سکتے ہیں۔

Exit mobile version