عوامی خدمات میں غفلت یا کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفا عابد

26
دینہ: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفا عابد نے اراضی ریکارڈ سنٹر (اے آر سی) دینہ کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کا مقصد سائلین کو فراہم کی جانے والی سہولیات، فرد کے اجرا اور انتقال کے عمل کا تفصیلی جائزہ لینا تھا تاکہ عوام کو ریونیو سے متعلق خدمات بلا تاخیر اور شفاف انداز میں فراہم کی جا سکیں۔
دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر صفا عابد نے اراضی ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن، عملے کی حاضری اور دفتری امور کا معائنہ کیا۔ انہوں نے اراضی ریکارڈ سنٹر میں موجود سائلین سے براہِ راست ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔
سائلین نے بعض معاملات میں تاخیر اور رہنمائی کی کمی کی نشاندہی کی، جس پر اسسٹنٹ کمشنر نے فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ عملے کو سختی سے ہدایت کی کہ عوام الناس کو بلاوجہ انتظار نہ کروایا جائے اور تمام امور میرٹ کے مطابق مقررہ وقت میں نمٹائے جائیں۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر دینہ نے عملے کو متنبہ کیا کہ عوامی خدمات میں غفلت یا کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے اراضی ریکارڈ سنٹر کے انتظامی و انصرامی امور کو مزید بہتر بنانے کے لیے متعلقہ افسران کو ضروری احکامات جاری کیے اور کہا کہ شہریوں کو فرد، انتقال اور دیگر ریونیو خدمات کی بروقت فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر صفا عابد نے واضح کیا کہ شفافیت، میرٹ اور خوش اخلاقی کے ساتھ عوامی خدمت ہی ضلعی انتظامیہ کی پہچان ہے، اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اراضی ریکارڈ سنٹر دینہ میں سروس ڈیلیوری کو مزید مؤثر بنایا جائے گا تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔



