خطے میں جاری کشیدگی کے پاکستان کی معیشت پر منفی اثرات ہو رہے ہیں، چوہدری غلام احمد زمرد

جہلم: چوہدری غلام احمد زمرد نے کہا کہ ایران، اسرائیل اور امریکہ کے درمیان جاری کشیدگی کے اثرات پاکستان کی معیشت پر منفی انداز میں مرتب ہو رہے ہیں، جس کے باعث مہنگائی اور بیروزگاری میں اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
جہلم کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت اور سابق تحصیل ناظم چوہدری غلام احمد زمرد نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث آئل اور خام مال کی دستیابی متاثر ہو رہی ہے، جس سے پیداواری لاگت اور ٹرانسپورٹ چارجز میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
چوہدری غلام احمد زمرد کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں صنعتکار، تاجر، وکلاء اور عام شہری سب یکساں طور پر مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ بدلتی ہوئی عالمی صورتحال کے پیش نظر مؤثر معاشی پالیسی مرتب کرے تاکہ مہنگائی پر قابو پایا جا سکے اور عوام کو ممکنہ بحران سے بچایا جا سکے۔



