سوہاوہ: پٹرولنگ پولیس راولپنڈی ریجن نے شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے ایک احسن قدم اٹھاتے ہوئے فری آئی و میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا۔
ایس ایس پی پٹرولنگ محمد بن اشرف اور ڈسٹرکٹ آفیسر چوہدری ذوالفقار علی کی زیر نگرانی اس خصوصی کیمپ کا انعقاد پٹرولنگ پوسٹ قائداعظم کالونی راولپنڈی میں کیا گیا۔
یہ کیمپ شفاء نور فاؤنڈیشن، روشن ہیلتھ ریسرچ اینڈ ویلفیئر سوسائٹی پاکستان، نایاب لیبارٹریز اور محسن ہومیو سٹور بوہڑ بازار کے اشتراک سے لگایا گیا، جس میں مقامی شہریوں کو مفت طبی معائنہ اور آنکھوں کی جانچ کی سہولت فراہم کی گئی۔
ایس ایس پی پٹرولنگ محمد بن اشرف نے اس تعاون پر تمام شراکت دار این جی اوز کو اعزازی شیلڈز پیش کیں، جس پر تمام تنظیموں نے ان کا شکریہ ادا کیا۔ میڈیکل کیمپ میں تقریباً 150 مقامی افراد نے اپنی صحت کی جانچ کرائی اور اس اقدام کو بے حد سراہا۔
مزید برآں پٹرولنگ پولیس نے مستحق شہریوں میں 50 مفت ہیلمٹ تقسیم کیے اور ہیلمٹ کے استعمال کی اہمیت کے حوالے سے آگاہی فراہم کی۔ اس موقع پر شہریوں کو ٹریفک قوانین کی پاسداری اور اپنی حفاظت کو یقینی بنانے کے حوالے سے بھی ہدایات دی گئیں۔
