پروفیسر نیاز اعوان گورنمنٹ الیبرونی ڈگری کالج پنڈدادنخان کے پرنسپل تعینات

پنڈدادنخان: جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے علاقے کندوال کے ہونہار فرزند اور ملک کے علمی، صحافتی و ادبی حلقوں میں یکساں مقبول شخصیت پروفیسر نیاز اعوان کو گورنمنٹ الیبرونی ڈگری کالج پنڈدادنخان کا نیا پرنسپل تعینات کر دیا گیا۔
انہوں نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا، جس پر تعلیمی، سماجی اور سیاسی حلقوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔
پروفیسر نیاز اعوان ہزاروں طلبہ کے پسندیدہ استاد اور سابق طالب علم رہنما رہے ہیں جبکہ وہ "البیرونین” کے صدر کے طور پر بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ کالج کے سابق اور موجودہ طلبہ میں انہیں عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور انہیں "پروفیسر، قائد اور مرشد” کے ناموں سے پکارا جاتا ہے۔
ان کی وسیع تعلیمی تجربے، قائدانہ صلاحیتوں اور انتظامی امور میں مہارت کے پیش نظر امید کی جا رہی ہے کہ ان کی تعیناتی سے کالج میں انقلابی تبدیلیاں رونما ہوں گی۔ تعلیمی و سماجی حلقے پرامید ہیں کہ وہ کالج میں علمی ماحول کے فروغ کے ساتھ ساتھ اس کی تعمیر و ترقی میں بھی نمایاں کردار ادا کریں گے، اور ادارہ ترقی کی نئی منازل طے کرے گا۔



