دینہ میں 30 سالہ موٹرسائیکل سوار نوجوان جانور سے ٹکر کر جاں بحق

دینہ میں 30 سالہ موٹرسائیکل سوار نوجوان جانور سے ٹکراتے ہوئے جاں بحق ہو گیا، نوجوان گھر سے شہر کی طرف آ رہا تھا کہ اچانک روڈ پر جانور آ نے سے جا ٹکرایا جس کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا ، 3روز تک موت کی کشمکش کے بعد جان کی بازی ہار گیا ، نوجوان کی میت گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا ۔
تفصیلات کے مطابق تین روز قبل دینہ کے نواحی علاقہ نرکھیاں باغاں کا رہائشی 30سالہ نوجوان حافظ زاہد محمود ولد حاجی مشتاق احمد اپنے موٹرسائیکل پر گھر سے دینہ کی طرف آ رہا تھا کہ مہتہ لوسر کے مقام پر اچانک جانور سامنے آنے سے جا ٹکرایا ، جس سے نوجوان حافظ زاہد محمود شدید زخمی ہو گیا۔
نوجوان کو شدید زخمی حالت میں رورل ہیلتھ سنٹر دینہ پہنچا یا گیا بعد ازاں ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال جہلم ریفر کر دیا گیا جہاں نوجوان حافظ زاہد محمود 3 روز تک ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال جہلم میں موت کی کشمکش کے بعد جان کی بازی ہار گیا۔
نوجوان 3بچوں کا باپ تھا ، میت گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا نماز جنازہ کے بعد سینکڑوں سوگواروں کی آہوں اور سسکیوں کے بعد مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا۔



