جہلم سمیت پنجاب بھر کے پرائمری سکولوں کی آن لائن مانیٹرنگ کا فیصلہ

جہلم سمیت پنجاب بھر کے پرائمری سکولوں کی آن لائن مانیٹرنگ کا فیصلہ ،32 ہزار سے زائد سکولوں کو یونیسف کی مدد سے مانیٹرنگ کے حوالے سے ٹیبلٹ دیئے جائینگے،مانیٹرنگ ذمہ داری پروگرام مانیٹرنگ یونٹ کو تفویض ، سب سے زیادہ ٹیبلٹ ضلع رحیم یار خان کو ملیں گے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم پنجاب کی طرف سے جہلم سمیت پنجاب بھر کے 32 ہزار سے زائد پرائمری سکولوں کی آن لائن مانیٹرنگ کر نے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یونیسف کی مدد سے جہلم سمیت پنجاب بھر کے پرائمری سکولوں کو آن لائن مانیٹرنگ کے حوالہ سے ٹیبلٹ فراہم کیے جائیں گے جو کہ اس ماہ کے آخری ہفتہ کے دوران فراہم کر دیئے جائیں گے جبکہ مانیٹرنگ کی ذمہ داری پروگرام مانیٹرنگ یونٹ کو سونپی گئی ہیں، سب سے زیادہ ٹیبلٹ ضلع رحیم یار خان کو دیے جائیں گے جن کی تعداد ڈیڑھ ہزار سے زائد بتائی جاتی ہے۔
اس منصوبے کے تحت پرائمری سکولوں کی مانیٹرنگ کی جائیگی تا کہ علم ہو سکے کہ ان پرائمری سکولوں میں طالب علموں کو اس وقت تعلیم کے ساتھ ساتھ پینے کے صاف پانی ، ٹوائلٹ سمیت دیگر سہولیات میسر ہیں اسی حوالے سے پنجاب بھر کے پرائمری سکولوں کو مجموعی طور پر 32 ہزار 200 ٹیبلٹ فراہم کیے جائیں گے۔
مراسلہ میں سی ای اوز ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز سے کہا گیا ہے کہ وہ ان ٹیبلٹ کی وصولی کے حوالے سے فوکل پرسن کی تعیناتی عمل میں لائیں جو کہ ان ٹیبلٹ کی وصولی کے بعد انکو متعلقہ ذمہ داران کے حوالہ کرنے کے پابند ہو نگے جبکہ ان فوکل پرسنز کی تعیناتی کے حوالہ سے گزشتہ روز کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی۔



