جہلم: ڈائریکٹر جنرل محکمہ تحفظ ماحولیات پنجاب اور ڈپٹی کمشنر جہلم کی ہدایات پر گزشتہ ہفتے ضلع بھر میں ماحولیاتی آلودگی کا سبب بننے والے صنعتی یونٹس اور دیگر خلاف ورزیوں کے مرتکب عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔
اس سلسلے میں محکمہ تحفظ ماحولیات جہلم کی ٹیموں نے مختلف مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر 2 اسٹون کرشرز کو سیل کر دیا جبکہ خلاف ورزیوں پر 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کرکے وصول کیا گیا۔
اسی طرح ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے بھٹہ خشت مالکان کے خلاف 3 ایف آئی آرز درج کروائی گئیں اور 2 لاکھ روپے جرمانہ عائد کرکے وصول کیا گیا۔ اس طرح مجموعی طور پر 2 لاکھ 10 ہزار روپے جرمانے کی رقم وصول کی گئی۔
محکمہ تحفظِ ماحولیات جہلم کے مطابق آلودگی پھیلانے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلاامتیاز ٹھوس اقدامات جاری ہیں۔ ضلع جہلم میں تمام صنعتی یونٹس اور اسٹون کرشرز پر 100 فیصد ایمیشن کنٹرول سسٹم (Emission Control System) نصب کیا جا چکا ہے۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ تحفظ ماحولیات (EPA) جہلم کے مطابق ماحولیاتی قوانین پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنانے، فضائی آلودگی پر قابو پانے اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
