یومِ شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر مجاہد ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام روحانی نشست کا انعقاد

جہلم: 21 رمضان المبارک یومِ شہادت حضرت علیؓ کے سلسلے میں مجاہد ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام مسجد اللہ والی مجاہدہ آباد میں افطار ڈنر اور خصوصی روحانی نشست کا اہتمام کیا گیا جس میں اہلِ محلہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت امام مسجد قاری محمد راشد نے حاصل کی جبکہ نعت رسول مقبول ﷺ حافظ محمد رضوان سلیمی نے پیش کی۔

اس موقع پر معروف مذہبی اسکالر علامہ مولانا حافظ محمد توقیر علی نقشبندی نے حضرت علی المرتضیٰؓ کی حیاتِ مبارکہ، کردار اور یومِ شہادت کے حوالے سے تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت علیؓ کی زندگی امت مسلمہ کے لیے صبر، عدل اور حق گوئی کی روشن مثال ہے۔

تقریب کے اختتام پر رکن سنی علماء کونسل حافظ علامہ شیرازی نے ملک و قوم کی سلامتی، اتحاد امت اور ترقی کے لیے خصوصی دعا کروائی۔

افطار ڈنر میں اہلِ محلہ کے علاوہ شہر کے مختلف علاقوں سے آنے والے شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے مسجد اللہ والی کی انتظامیہ، مجاہد ویلفیئر سوسائٹی اور منتظم ظاہر خان کی جانب سے بہترین انتظامات پر شکریہ ادا کیا۔

Exit mobile version