جہلم میں قصابوں کی من مانیاں، گوشت کے نرخ آسمان سے باتیں کرنے لگے، عوام شدید پریشان

جہلم شہر اور گردونواح میں قصابوں نے من مانی قیمتوں پر گوشت فروخت کرنا شروع کر دیا ہے۔
گائے کے گوشت کا سرکاری نرخ 800 روپے فی کلو مقرر ہے جبکہ قصاب 1200 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کر رہے ہیں۔ اسی طرح بکرے کے گوشت کا سرکاری نرخ 1600 روپے فی کلو ہے لیکن بازار میں یہ گوشت 2200 سے 2500 روپے فی کلو تک بیچا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق کئی قصاب نہ صرف اضافی نرخ وصول کر رہے ہیں بلکہ لاغر، بیمار اور نیم مردہ جانوروں کو ذبح کر کے فروخت کرنے سے بھی گریز نہیں کرتے، جس سے شہریوں کی صحت کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
عوامی و سماجی حلقوں نے اس صورتحال پر سخت احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور لائیو اسٹاک ڈیپارٹمنٹ کی غفلت کے باعث قصاب من مرضی کے نرخ اور ناقص گوشت بیچ کر شہریوں کی جیبوں اور صحت دونوں پر ڈاکہ ڈال رہے ہیں۔
عوام نے ڈپٹی کمشنر جہلم، چیف سیکرٹری پنجاب اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے مطالبہ کیا ہے کہ قصاب مافیا کے خلاف سخت اور بلاامتیاز کارروائی کی جائے تاکہ شہریوں کو حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق معیاری گوشت فراہم ہو سکے اور ناجائز منافع خوری پر قابو پایا جا سکے۔



