جامعہ صدیقیہ قادریہ کے شعبہ خدمت خلق اور ڈومیلی ویلفیئر ٹرسٹ کےتعاون سے شجرکاری مہم کا آغاز

سوہاوہ: ڈومیلی میں جامعہ صدیقیہ قادریہ مرکزی جامع مسجد مدنی شمالی محلہ ڈومیلی کے شعبہ خدمت خلق اور ڈومیلی ویلفیئر ٹرسٹ کے باہمی اشتراک سے سرسبز، خوبصورت اور ماحول دوست مستقبل کی جانب اہم قدم اٹھاتے ہوئے شجرکاری مہم 2026ء کی پروقار دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں خادم القرآن حضرت مولانا قاری محمد اسحاق فاروقیؒ کے فرزند اور مدیر جامعہ صدیقیہ قادریہ ڈومیلی مولانا قاری محمد نعمان فاروق نے شجرکاری کی اہمیت کے حوالے سے مختصر بیان کیا، معاونین اور مخلصین کا شکریہ ادا کیا اور دعا کروائی۔ بعد ازاں انہوں نے معززین علاقہ کے ہمراہ مین چوک ڈومیلی میں پودے لگا کر شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز کیا اور ماحول دوست اقدامات کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔

تقریب میں علاقہ کی معروف سماجی شخصیت اور صدر گکھڑ فیڈریشن جہلم راجہ عمران ظہور کیانی اور راولپنڈی فارسٹ ڈویژن جہلم کے انسپکٹر محمد احسان اکبر نے بطورِ خاص شرکت کی۔

اس موقع پر محکمہ ایجوکیشن سوہاوہ کے افسر عامر حبیب، ڈاکٹر سید فاخر محمود گیلانی، شاہ جیلان کلینک ڈومیلی، چیئرمین واٹر سپلائی ڈومیلی راشد محمود کیانی، سابق نائب ناظم ڈومیلی مشتاق احمد کھوکھر، پرنسپل گورنمنٹ ہائی سکول ڈومیلی ذیشان منیر کیانی، پرنسپل عندلیب پبلک سکول ڈومیلی مرزا محمد اسد اقبال، محمد عاصم سپروائزر صاف ستھرا پنجاب ڈومیلی، صدر تحصیل پریس کلب سوہاوہ شیخ انیس احمد، انتصار احمد (احمد سویٹ اینڈ بیکرز ڈومیلی)، مرزا محمد ابوبکر فاروق (ڈومیلی ویلفیئر ٹرسٹ)، صدر انجمن تاجران ڈومیلی سیٹھی محمد خالد اور جنرل سیکرٹری شیخ ظہور سمیت دیگر معززین علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب میں محکمہ جنگلات، محکمہ زراعت، محکمہ پولیس، محکمہ ایجوکیشن، محکمہ صحت، ریسکیو 1122 اور محکمہ صاف ستھرا پنجاب سمیت متعلقہ اداروں کے حکام بھی موجود تھے۔

اس موقع پر شرکاء نے کہا کہ درخت لگانا صرف ماحول کی حفاظت کا ذریعہ نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک قیمتی سرمایہ بھی ہے۔ ہر فرد کو چاہیے کہ وہ شجرکاری کے فروغ اور درختوں کی حفاظت کو اپنی قومی و سماجی ذمہ داری سمجھتے ہوئے اس مہم میں بھرپور کردار ادا کرے۔

مقررین نے کہا کہ شجرکاری موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے، قدرتی وسائل کے تحفظ، حیاتیاتی تنوع کے فروغ اور آنے والی نسلوں کو صحت مند اور سرسبز ماحول فراہم کرنے کے لیے ناگزیر ہے۔

معززین علاقہ نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کے ساتھ ساتھ ان کی نگہداشت کو بھی یقینی بنائیں اور اس ماحول دوست مہم کا حصہ بنیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک درخت صرف سبزہ ہی نہیں بلکہ صاف فضا، محفوظ ماحول، پانی کے بہتر تحفظ، زمین کی زرخیزی اور مستقبل کی نسلوں کے لیے امید کی علامت ہے۔

شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مون سون شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کے لیے اجتماعی کوششیں جاری رکھی جائیں گی تاکہ ڈومیلی اور گردونواح کو مزید سرسبز و شاداب بنایا جا سکے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ مہم علاقے میں ماحول دوست طرزِ زندگی کے فروغ اور جنگلات کے تحفظ کی جانب ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔

Exit mobile version