پنڈدادنخان: اینٹی کرپشن پولیس جہلم نے کارروائی کرتے ہوئے تحصیل پنڈدادنخان میں رشوت کے مقدمہ میں مطلوب حلقہ پٹواری شیخ ارشاد کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے علاقہ ٹوبہ کے رہائشی مشتاق احمد نے الزام عائد کیا تھا کہ زمین کا ریکارڈ درست کرنے کے عوض پٹواری شیخ ارشاد نے اس سے 40 ہزار روپے رشوت طلب کی، جس میں سے 35 ہزار روپے گواہان کے روبرو ادا کیے گئے، تاہم اس کے باوجود زمین کا ریکارڈ درست نہ کیا گیا۔
متاثرہ شہری کی درخواست پر ہونے والی انکوائری کے دوران شواہد کی روشنی میں 9 اپریل 2026ء کو مقدمہ درج کیا گیا۔ مقدمہ درج ہونے کے بعد ملزم مبینہ طور پر گرفتاری سے بچنے کے لیے روپوش ہوگیا تھا۔
اینٹی کرپشن پولیس کے مطابق گزشتہ روز مخبر کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے شیخ ارشاد پٹواری کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزم سے مزید تفتیش اور قانونی کارروائی جاری ہے۔
