عیدالاضحیٰ پر صفائی مہم کا عملی مظاہرہ، جہلم میں قربانی کی آلائشوں کی صفائی کے بعد سڑکوں کو عرق گلاب سے دھونے کا آغاز

جہلم: عیدالاضحیٰ کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے صفائی ستھرائی کے انتظامات کا عملی مظاہرہ، قربانی کی کھالوں اور آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے بعد شہر بھر کی سڑکوں کو عرقِ گلاب سے دھونے کا آغاز کر دیا گیا۔ یہ عمل ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کی نگرانی میں کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں "ستھرا پنجاب” مہم کے تحت عید کے موقع پر شہر بھر میں صفائی کا خاص خیال رکھا گیا۔ قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگانے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے شہر میں پیدا ہونے والے تعفن اور بدبو کے خاتمے کے لیے مرکزی شاہراہوں، بازاروں اور اہم مقامات کو عرقِ گلاب سے دھونا شروع کر دیا ہے۔
اس سلسلے کا آغاز شاندار چوک سے کیا گیا، جس میں ڈپٹی کمشنر میثم عباس، اسسٹنٹ کمشنر شمس الرحمٰن، ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔
اس موقع پر ڈی سی جہلم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "شہر کو خوبصورت، صاف ستھرا اور خوشبودار بنانا ہمارا عزم ہے۔ ہم شہریوں کو ایک خوشگوار ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔”
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ صفائی کے عمل میں ضلعی انتظامیہ کا ساتھ دیں اور قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اور دیگر کچرا صرف مخصوص مقامات پر ڈالیں، جہاں سے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے اہلکار ان کو بروقت اٹھا کر صفائی کو یقینی بنائیں گے۔



