جہلم میں رمضان پیکج پر اضافی رقم لینے والا دوکاندار فرار، دکان سیل

جہلم: ضلع جہلم میں رمضان پیکج کی رقم میں کٹوتی کرنے والے دوکانداروں کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے علاقے دریالہ جالپ میں ایک دکاندار ذیشان کو مستحق افراد کی امدادی رقم سے 200 روپے کٹوتی کرنے پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق دوکاندار کے خلاف تھانہ پنڈدادنخان میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 506، 356 اور 420 کے تحت مقدمہ درج کر کے دکان کو سیل کر دیا گیا ہے۔ تاہم ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جلد ہی ملزم کو گرفتار کر لیا جائے گا اور ایسے مزید واقعات کی روک تھام کے لیے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کہیں بھی رمضان پیکج کی رقم میں کٹوتی یا ناجائز منافع خوری ہو رہی ہو تو فوری طور پر اطلاع دیں تاکہ کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔



