وطنِ عزیز پاکستان کا 78واں جشنِ آزادی ضلع جہلم میں جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا

پڑی درویزہ: وطنِ عزیز پاکستان کا 78واں جشنِ آزادی ضلع جہلم میں جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کے زیرِ اہتمام مرکزی تقریب میجر اکرم شہید پارک جہلم میں منعقد ہوئی، جس میں ضلع بھر کے عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

پہلے سے طے شدہ پروگرام کے تحت جشنِ آزادی کی تقریبات ضلع جہلم کی تمام یونین کونسلوں میں ہونی تھیں، تاہم ضلعی انتظامیہ کے فیصلے کے بعد تمام تقریبات کو یکجا کر کے ایک مرکزی تقریب میجر اکرم شہید پارک میں منعقد کی گئی۔ اس موقع پر ضلعی یونین کونسلز کے ایڈمنسٹریٹرز اور سیکریٹریز بھی شریک ہوئے۔

تقریب میں اراکین قومی اسمبلی ضلع جہلم چوہدری فرخ الطاف اور بلال اظہر کیانی، ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ محترمہ مریم اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد آصف نواز جتوئی خصوصی مہمان تھے۔

یاد رہے کہ ایم این اے حلقہ این اے 60 بلال اظہر کیانی وفاقی وزیرِ مملکت برائے خزانہ اور پاکستان ریلوے کے قلمدان کے فرائض بھی انجام دے رہے ہیں۔

انتظامات میں ایڈمنسٹریٹر/سیکریٹری یونین کونسل پھلڑے سیداں طارق رشید اعوان اور فوکل پرسن تحصیل سوہاوہ محمد ندیم الحق کا نمایاں کردار رہا۔ تقریب میں پرچم کشائی کے ساتھ ساتھ قائداعظم محمد علی جناحؒ کے افکار و فرمودات پر مبنی خطابات پیش کیے گئے۔

اس موقع پر یونین کونسل پھلڑے سیداں کی عمارت کو ایک ہفتے قبل سے خوبصورت چراغاں سے مزین کیا گیا تھا، جبکہ مرکزی تقریب میں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے وطنِ عزیز سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔

Exit mobile version