دینہ میں اسسٹنٹ کمشنر نے منگلا روڈ پر موٹر سائیکل پارکنگ کے لیے جگہ مختص کر دی

دینہ میں منگلا روڈ پر ٹریفک کے دباؤ اور دکانداروں کو درپیش مشکلات کے پیش نظر اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفاء عابد کی ہدایت پر صرف موٹرسائیکل کے لیے 5 فٹ چوڑی پارکنگ کی جگہ مختص کر دی گئی ہے۔
پارکنگ کے لیے سڑک کی بائیں جانب پیلی لائن لگا دی گئی ہے اور واضح ہدایت جاری کی گئی ہے کہ اس مخصوص جگہ پر صرف موٹرسائیکلیں ہی کھڑی کی جا سکیں گی۔ گاڑیوں اور ریڑھی بانوں کو قطعی طور پر اجازت نہیں ہو گی۔
دینہ کے تاجروں کے ایک وفد نے گزشتہ روز اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفاء عابد سے ملاقات کی، جس میں ٹریفک پولیس کے افسران بھی شریک تھے۔ تاجروں نے اس ملاقات میں منگلا روڈ پر موٹرسائیکل پارکنگ کی عدم دستیابی پر شکایت کی اور خصوصی پارکنگ ایریا مختص کرنے کی درخواست کی۔
اسسٹنٹ کمشنر دینہ نے فوری اقدام کرتے ہوئے ٹریفک پولیس اور میونسپل کمیٹی کے تعاون سے منگلا روڈ کی بائیں جانب 5 فٹ کا ایریا پیلی لائن کے ذریعے موٹرسائیکل پارکنگ کے لیے مخصوص کر دیا۔ اب خریدار اپنی موٹرسائیکل پیلی لائن کے اندر کھڑی کر کے باآسانی خریداری کر سکتے ہیں۔
اس اقدام کے بعد اسسٹنٹ کمشنر صفاء عابد اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی محمد فیصل نے منگلا روڈ کا دورہ بھی کیا تاکہ پارکنگ ایریا کا جائزہ لیا جا سکے اور عملی نفاذ کو یقینی بنایا جا سکے۔



