جہلم میں زلزلے کے شدید جھٹکے، پنڈدادنخان میں مکانات گرنے اور لینڈ سلائیڈنگ سے 12 سالہ لڑکا جاں بحق، 11 افراد زخمی

جہلم میں زلزلے کے شدید جھٹکے، پنڈدادنخان کے علاقے جلالپور شریف میں مکانات گرنے اور لینڈ سلائیڈنگ سے 12 سالہ لڑکا جاں بحق اور، بچی اور خواتین سمیت 11 افراد زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطا بق ضلع جہلم میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ پنڈدادنخان کے علاقے جلالپور شریف میں لینڈ سلائیڈنگ اور مکانات گرنے کے افسوسناک واقعات میں 12 سالہ لڑکا جاں بحق اور خواتین و بچی سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق جلالپور شریف میں زلزلے کے باعث ایک مکان کی چھت گر گئی، جس کے نتیجے میں 12 سالہ عمر ولد میر سلطان ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گیا۔

حادثے میں ایک بچی اور تین خواتین سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر رورل ہیلتھ سینٹر (RHC) جلالپور شریف منتقل کر دیا گیا جبکہ بعض زخمیوں کو مزید علاج کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم منتقل کیا جا رہا ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق زلزلے کے باعث جلالپور شریف اور گردونواح میں متعدد مکانات اور دکانوں کو نقصان پہنچا جبکہ کئی عمارتوں کے منہدم ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔

اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں، ضلعی انتظامیہ اور مقامی اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ مختلف علاقوں میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے جبکہ متاثرہ مکانات کا جائزہ بھی لیا جا رہا ہے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 4 اعشاریہ 7 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 18 کلومیٹر تھی۔ شدید جھٹکوں کے باعث شہری خوفزدہ ہو کر کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر محفوظ عمارتوں سے دور رہنے کی اپیل کی ہے جبکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

Exit mobile version