ریسکیو 1122 کی ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے دریائے جہلم پر فرضی مشقیں

پنڈدادنخان: ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو 1122 جہلم کی جانب سے تحصیل پنڈدادنخان کے مقام جھگیاں پر ایک اہم فرضی مشق کا انعقاد کیا گیا۔
یہ مشق پراونشل ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) اور سیکرٹری ایمرجنسی سروسز کی ہدایات کی روشنی میں منعقد کی گئی، جس میں مختلف محکمہ جات نے بھرپور شرکت کی۔
مشق میں ریسکیو 1122 کے تربیت یافتہ اہلکاروں کے ساتھ ساتھ لائیو سٹاک، محکمہ صحت، پولیس، میونسپل کمیٹی، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ اداروں کے اہلکاروں نے حصہ لیا۔ مشق کا مقصد کسی بھی ممکنہ سیلابی خطرے کی صورت میں فوری، مؤثر اور مربوط ردعمل کی تیاری کو جانچنا اور بہتر بنانا تھا۔
عملی مظاہرے کے دوران سیلابی پانی میں پھنسے ہوئے افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے، ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے، اور ریلیف سرگرمیوں کو ترتیب دینے کا مظاہرہ پیش کیا گیا، جسے حاضرین نے سراہا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان محترمہ نادیہ پروین نے ریسکیو 1122 اور دیگر محکموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاری اور تمام اداروں کے درمیان موثر رابطہ ناگزیر ہے۔ ایسی فرضی مشقیں نہ صرف اداروں کی تیاری کو جانچنے کا ذریعہ ہیں بلکہ عوامی تحفظ کے لیے ایک اہم قدم بھی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور ایسے اقدامات مستقبل میں بھی جاری رہیں گے۔



