رمضان المبارک؛ پھلوں کی قیمتوں میں 50 سے 100 فیصد اضافہ، شہریوں میں شدید تشویش

جہلم شہر اور اس کے قرب و جوار میں رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی فروٹ فروشوں نے پھلوں کی قیمتوں میں 50 سے 100 فیصد تک خودساختہ اضافہ کر دیا ہے، جس کے باعث عام شہری شدید مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔ بازاروں اور دکانوں پر چیک اینڈ بیلنس کا نظام مفلوج نظر آتا ہے اور قیمتیں آسمانوں کو چھو رہی ہیں۔
شہریوں نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ رمضان المبارک کا آغاز ہوتے ہی دکانداروں نے ازخود نرخ بڑھا دیے ہیں، جو سراسر ناانصافی اور عوام دشمنی کے مترادف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی سطح پر مہنگائی کے خاتمے کے دعوے زمینی حقائق سے مطابقت نہیں رکھتے، جبکہ پرائس کنٹرول کے انتظامات مؤثر دکھائی نہیں دے رہے۔
عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ فوری طور پر بازاروں میں سخت نگرانی کا نظام نافذ کرے، من مانی قیمتیں وصول کرنے والے دکانداروں پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں اور ضرورت پڑنے پر مقدمات بھی درج کروائے جائیں تاکہ رمضان المبارک کے دوران مہنگائی پر قابو پایا جا سکے اور شہریوں کو حقیقی ریلیف مل سکے۔



