سوہاوہ میں ٹریفک کے دو حادثات میں ایک خاتون جاں بحق، خاتون سمیت چار افراد زخمی

سوہاوہ میں ٹریفک کے دو حادثات میں ایک خاتون جاں بحق اور خاتون سمیت چار افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سوہاوہ اور ڈومیلی کے علاقوں میں پیش آنے والے دو مختلف ٹریفک حادثات میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ ایک خاتون سمیت چار افراد زخمی ہو گئے۔ حادثات کے بعد ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر جاں بحق خاتون کی میت اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا۔
پہلا حادثہ ڈومیلی کے گاؤں رسول پور کے قریب پیش آیا جہاں تیز رفتار کوسٹر نمبری LRT-6425 نے موٹرسائیکل سوار ماں بیٹے کو کچل دیا۔ اس افسوسناک حادثے میں 47 سالہ نسرین بی بی زوجہ محمد نواز موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں جبکہ ان کا بیٹا عامر شہزاد ولد محمد نواز شدید زخمی ہو گیا۔
حادثے کے بعد کوسٹر ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا، جبکہ ریسکیو 1122 اور تھانہ ڈومیلی پولیس کے ایس ایچ او ملک عدیل اپنی ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور میت و زخمی کو اسپتال منتقل کیا۔ متوفیہ کی میت جب گھر پہنچی تو کہرام مچ گیا۔
دوسرا حادثہ سوہاوہ میں گورنمنٹ ڈگری کالج کے قریب پیش آیا، جہاں تیز رفتاری کے باعث ایک ہائی ایس وین الٹ گئی۔ اس حادثے میں ایک خاتون سمیت تین افراد زخمی ہو گئے جن میں 65 سالہ خالد ولد منیر، 18 سالہ عدیل بٹ ولد نذیر اور 30 سالہ رامینہ زوجہ ظہیر شامل ہیں۔
ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے زخمیوں کو فرسٹ ایڈ فراہم کرنے کے بعد ٹی ایچ کیو ہسپتال سوہاوہ منتقل کر دیا۔



