جہلم پولیس کے ضلع بھر میں سرچ آپریشنز، 4 اشتہاری مجرمان سمیت 6 ملزمان گرفتار

جہلم پولیس نے ضلع بھر میں سرچ آپریشنز کے دوران 4 اشتہاری مجرمان سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی ہدایت پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں ضلع کے مختلف مقامات پر 14 سرچ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران 375 افراد، 149 گھروں اور 29 ہوٹلز و بس اسٹینڈز کو چیک کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق سرچ آپریشنز کے دوران سول لائنز، تھانہ صدر، تھانہ منگلا کینٹ، تھانہ چوٹالہ اور تھانہ للہ کی حدود میں کارروائیاں کرتے ہوئے 4 اشتہاری مجرمان سمیت ناجائز اسلحہ رکھنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے 30 بور کے 2 پستول معہ ایمونیشن بھی برآمد کیے ہیں۔

جہلم پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک شخص، غیر قانونی طور پر مقیم فرد یا جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔ پولیس کے مطابق بروقت اطلاع کسی بڑے جرم کی روک تھام اور معاشرے میں امن و امان کے قیام میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

شہریوں سے مزید کہا گیا ہے کہ اگر ان کے علم میں کوئی ایسا شخص آئے جو بغیر کوائف کے رہائش پذیر ہو، مشتبہ سرگرمیوں میں ملوث ہو یا قانون کی خلاف ورزی کر رہا ہو تو فوری طور پر اپنے قریبی تھانے یا پولیس ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دیں۔

ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کا قیام پولیس کی اولین ترجیح ہے، جبکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

↑
Exit mobile version