جہلم پولیس کا ضلع بھر میں سرچ آپریشن اور ناکہ بندی، 455 افراد کی چیکنگ

جہلم پولیس کی جانب سے ضلع بھر میں دہشت گردوں، جرائم پیشہ افراد اور سماج دشمن عناصر کے خلاف سپیشل سرچ آپریشنز اور ناکہ بندی کا سلسلہ جاری ہے۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایت پر کیے گئے ان اقدامات کا مقصد عوام کے جان و مال کا تحفظ اور اہم تنصیبات کی فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانا ہے۔
ترجمان پولیس کے مطابق، ضلع کے مختلف 14 مقامات پر سرچ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران مجموعی طور پر 455 افراد کی چیکنگ اور ویری فکیشن کی گئی۔ شہریوں کی شناخت کی تصدیق پولیس ایپلیکیشن کے ذریعے کی گئی تاکہ قانون شکنی میں ملوث افراد کی فوری نشاندہی ممکن ہو سکے۔
اسی سلسلے میں شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت ناکہ بندی کر کے خصوصی چیکنگ کی گئی۔ سرچ آپریشنز کے دوران مجرمانِ اشتہاری، مشتبہ افراد اور جرائم پیشہ عناصر کی تلاش و گرفتاری کے لیے کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔
ڈی پی او جہلم کے مطابق سرچ آپریشنز کا مقصد نہ صرف اسلحہ ناجائز، منشیات اور دیگر غیرقانونی اشیاء کی برآمدگی ہے بلکہ اس سے سماج دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو بھی ناکام بنایا جا رہا ہے۔
جہلم پولیس نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے مشکوک عناصر پر نظر رکھیں اور کسی بھی غیرمعمولی سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ تھانے یا پولیس ہیلپ لائن پر دیں تاکہ امن و امان کے قیام کو یقینی بنایا جا سکے۔



