پنڈدادنخان میں اینٹوں سے بھری ٹریکٹر ٹرالی پل سے نیچے جا گری، 2 افراد شدید زخمی

پنڈدادنخان میں اینٹوں سے بھری ٹریکٹر ٹرالی پل سے نیچے جا گری، حادثے میں دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے علاقے للِہ میں ٹریفک پل پر پیش آنے والے ایک افسوسناک حادثے میں اینٹوں سے بھری ٹریکٹر ٹرالی پل سے نیچے جا گری، جس کے نتیجے میں ڈرائیور اور ایک مزدور شدید زخمی ہو گئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ٹریکٹر ٹرالی ایک کیری ڈبے سے ٹکرا گئی۔ غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق ٹریکٹر ٹرالی کے ڈرائیور نے کیری ڈبے کو بچانے کی کوشش کی، تاہم گاڑی بے قابو ہو گئی اور پل سے نیچے جا گری۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی۔ ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مزید علاج کے لیے مریم نواز ہیلتھ کلینک منتقل کر دیا، جہاں انہیں طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
حادثے کے بعد مقامی افراد کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پر جمع ہو گئی۔



