جہلم: افواجِ پاکستان نے سیلاب متاثرین کی خاطر شاندار خدمات انجام دیں، چوہدری عابد محمود

جہلم پریس کلب کے چیئرمین چوہدری عابد محمود نے کہا ہے کہ حالیہ سیلاب کے دوران افواجِ پاکستان نے متاثرین کی امداد و ریلیف میں بھرپور کردار ادا کیا، جسے الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج پوری قوم کا فخر ہے اور وطن کی بقا میں اس کی بہادری اور جرات کا بڑا حصہ ہے۔

چوہدری عابد محمود نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے ماضی میں بھی دشمن کو سبق سکھاتے ہوئے جرات و بہادری کی مثالیں قائم کی ہیں اور آج بھی ملک دشمن عناصر اور بیرونی سازشوں کے خلاف قوم کا دفاع کرنے میں پیش پیش ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کو دہشت گردی اور دیگر خطرات کا سامنا ہے، اس لیے ہر پاکستانی کو فوج کے شانہ بشانہ کھڑا رہ کر وطن کی حفاظت کے عہد کو تازہ رکھنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ دشمن کے خلاف کامیابیوں اور قربانیوں کو یاد رکھنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے اور اس کے ساتھ ہی سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینا بھی لازم ہے۔ چوہدری عابد محمود نے زور دیا کہ پاکستانی عوام نفرت اور عداوت کو ایک طرف رکھ کر متحد ہوں اور بیرونی طاقتوں کو واضح پیغام دیں کہ قوم میں حب الوطنی زندہ و تابندہ ہے۔

چیئرمین پریس کلب نے سوشل میڈیا پر فوج کے خلاف چلائی جانے والی پروپیگنڈہ مہم کی مذمت کی اور کہا کہ ہر فرد کو اس طرح کی سازشوں کی حوصلہ شکنی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ قوم اور افواج کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی ہر کوشش ناکام بنائی جا سکے۔

Exit mobile version