کائٹ فلائنگ ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے جہلم پولیس مکمل طور پر چوکس ہے۔ عمران امجد، راجہ عمران

جہلم: کائٹ فلائنگ ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے جہلم پولیس مکمل طور پر چوکس ہے۔
اس بات کا اظہار ایس ایچ او تھانہ سٹی ملک عمران امجد اور ایس ایچ او تھانہ سول لائنز راجہ محمد عمران نے جہلم پریس کلب کے نمائندہ وفد سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ایس ایچ اوز نے کہا کہ پتنگ بازی ایک خونی اور جان لیوا کھیل ہے جس کے باعث قیمتی انسانی جانوں کو شدید خطرات لاحق ہوتے ہیں، اس لیے والدین اپنے بچوں کو اس خطرناک سرگرمی سے ہر صورت دور رکھیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ پتنگ بازی کی اجازت صرف لاہور کی حدود تک محدود ہے، جبکہ ضلع جہلم بھر میں پتنگ بازی پر مکمل پابندی عائد ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کائٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور کسی بھی شکل میں پتنگ بازی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ایس ایچ اوز نے معزز شہریوں سے اپیل کی کہ وہ قانون کی پاسداری کریں اور اگر کہیں پتنگ بازی یا اس سے متعلق کوئی سرگرمی نظر آئے تو فوری طور پر متعلقہ تھانے کو اطلاع دیں، تاکہ بروقت کارروائی کر کے انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔



