ربیع الاول ماہِ رحمۃٌ للعالمین کے طور پر منایا جائے گا، مرکزی علماء کونسل جہلم

جہلم: مرکزی علماء کونسل جہلم نے اعلان کیا ہے کہ ماہِ ربیع الاول کو ماہِ رحمۃُ للعالمین ﷺ کے طور پر منایا جائے گا، جبکہ اس مقدس مہینے کے دوران نبی کریم حضرت محمد ﷺ کی سیرتِ طیبہ، اسوۂ حسنہ اور اخلاقِ حمیدہ کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف پروگرامز منعقد کیے جائیں گے۔
مرکزی علماء کونسل کے علما کرام نے اپنے بیان میں کہا کہ ربیع الاول کے بابرکت مہینے میں نبی کریم ﷺ کے اسوۂ حسنہ، اخلاقِ حمیدہ اور سیرتِ طیبہ کو عام کیا جائے اور عوام کو آپ ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنے کی ترغیب دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ پوری انسانیت کے لیے رحمت بن کر تشریف لائے، اس لیے ربیع الاول کے دوران سیرتِ طیبہ کے پیغام کو عام کرنے کے لیے بھرپور سیرت پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک حضور اکرم ﷺ کی مبارک سیرت اور تعلیمات کا پیغام پہنچ سکے۔
علما کرام نے کہا کہ دنیا و آخرت میں کامیابی کا راستہ نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنے میں ہے۔ ہمارے معاشرے کے تمام مسائل کا حل اسی وقت ممکن ہے جب سیرتِ طیبہ کو عملی طور پر معاشرے، ہر فرد، ہر گھر اور زندگی کے ہر شعبے میں اپنایا جائے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ماہِ ربیع الاول کو محض تقریبات تک محدود رکھنے کے بجائے نبی کریم ﷺ کی سیرت و کردار کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانے کا عہد کیا جائے۔



