شہری گرمی کی شدید لہر سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اپنائیں، ڈاکٹر محمد سہیل اعجاز

جہلم: ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال جہلم کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد سہیل اعجاز ملک نے شدید گرمی اور ممکنہ ہیٹ ویو کے خطرات کے پیش نظر شہریوں سے احتیاطی تدابیر اپنانے کی اپیل کی ہے۔

یہ بات انہوں نے جہلم پریس کلب کے نمائندہ وفد سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سمیت جہلم میں گرمی کی شدید لہر جاری ہے، جس سے بچاؤ کے لیے ضروری ہے کہ شہری بلا ضرورت گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔ اگر باہر جانا ناگزیر ہو تو سر اور چہرے کو کپڑے سے ڈھانپ کر رکھیں اور آنکھوں کی حفاظت کے لیے کالے شیشے والے چشمے کا استعمال کریں۔

ڈاکٹر سہیل اعجاز ملک نے زور دیا کہ پانی کو اُبال کر پینا چاہیے اور جسم میں پانی و نمکیات کی کمی سے بچنے کے لیے لیموں پانی، نمکول اور دیگر مشروبات کا زیادہ استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہیٹ ویو سے متاثر ہونے کی صورت میں گھریلو ٹوٹکوں پر انحصار نہ کریں بلکہ فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال سے رجوع کریں، جہاں ماہر ڈاکٹرز موجود ہیں اور مریضوں کو بروقت طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

اس موقع پر جہلم پریس کلب کے چیئرمین چوہدری عابد محمود، صدر الیکٹرانک میڈیا عامر کیانی، سینئر صحافی ملک فدا حسین، نائب صدر مرزا قدیر بیگ اور چوہدری دانیال عابد بھی موجود تھے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button