عید الاضحیٰ کی چھٹیاں ختم، پردیسیوں کی واپسی کا آغاز، ٹرانسپورٹرز کی من مانی کرایہ وصولی پر مسافروں کا احتجاج

جہلم: عید الاضحیٰ کی تعطیلات ختم ہوتے ہی پردیسیوں نے اپنے کام کے مقامات کی جانب واپسی کا سفر شروع کر دیا ہے، تاہم اس موقع پر ٹرانسپورٹرز کی جانب سے من مانے کرایے وصول کیے جانے پر مسافر شدید پریشان اور سراپا احتجاج بن گئے۔

پنجاب روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے ہر گاڑی میں کرایہ نامہ نمایاں جگہ پر آویزاں کرنے اور فی کلو میٹر کرایہ مقرر کرنے کے احکامات جاری کیے جا چکے ہیں، مگر انتظامیہ کی غفلت، عدم دلچسپی اور بعض بااثر ٹرانسپورٹرز کی پشت پناہی کے باعث جہلم سمیت مختلف علاقوں میں ٹرانسپورٹرز نے من مرضی کے کرایے وصول کرنا شروع کر دیے ہیں۔

مسافروں کا کہنا ہے کہ چیک اینڈ بیلنس کا نظام مکمل طور پر مفلوج ہو چکا ہے، اور متعلقہ انتظامیہ ٹرانسپورٹرز کے خلاف کسی قسم کی کارروائی کرنے سے گریزاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض مقامات پر کرایہ معمول سے دگنا تک وصول کیا جا رہا ہے، جبکہ مسافروں کے پاس شکایت درج کرانے کا کوئی مؤثر ذریعہ موجود نہیں۔

مسافروں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، چیف سیکرٹری پنجاب، اور سیکرٹری ٹرانسپورٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ پنجاب بھر کے بس اڈوں پر روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RTA) کے عملے کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے۔ شکایات کے فوری اندراج اور کارروائی کے لیے شکایت کاؤنٹرز قائم کیے جائیں۔ مقررہ کرایہ ناموں کی عملداری کو یقینی بنایا جائے تاکہ مسافروں کو ریلیف حاصل ہو اور ٹرانسپورٹرز کی لوٹ مار کا خاتمہ ممکن ہو۔

مسافروں نے خبردار کیا ہے کہ اگر صورتحال پر فوری توجہ نہ دی گئی تو مجبوراً احتجاجی راستہ اپنایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button