عوامی راستوں میں رکاوٹیں اور غیر قانونی تجاوزات برداشت نہیں کی جائیں گی، اسسٹنٹ کمشنر ثمینہ بشیر

سوہاوہ: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ ثمینہ بشیر اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سوہاوہ محمد حفیظ حسین نے ماڈرن بازار میں جاری تعمیراتی و ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر ترقیاتی کاموں کی رفتار اور معیار، صفائی ستھرائی، راستوں کی دستیابی، ٹریفک کی روانی اور مجموعی انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ متعلقہ ذمہ داران کو کاموں کی بہتری اور شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ضروری ہدایات بھی جاری کی گئیں۔

معائنے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر ثمینہ بشیر نے ماڈرن بازار اور اس کے اطراف میں صفائی ستھرائی کی صورت حال، پیدل چلنے والوں کے لیے راستوں کی دستیابی اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے انتظامات پر خصوصی توجہ دی۔ انہوں نے چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سوہاوہ محمد حفیظ حسین کو ہدایت کی کہ بازار اور اس کے گردونواح سے تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنایا جائے اور صفائی کے انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جائے، تاکہ شہریوں اور تاجروں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اسسٹنٹ کمشنر نے واضح کیا کہ عوامی راستوں میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ یا غیر قانونی تجاوزات برداشت نہیں کی جائیں گی۔ متعلقہ عملہ اس بات کو یقینی بنائے کہ بازار میں پیدل چلنے والوں کے لیے راستے کھلے رہیں، ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو اور صفائی ستھرائی کے انتظامات باقاعدگی سے جاری رہیں۔

اس موقع پر متعلقہ ٹھیکیدار کو بھی ہدایت کی گئی کہ ماڈرن بازار میں جاری تعمیراتی و ترقیاتی کام مقررہ معیار کے مطابق تیز رفتاری سے مکمل کیے جائیں۔ کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے اور تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران شہریوں کی آمدورفت میں کم سے کم خلل کو یقینی بنایا جائے، تاکہ بازار آنے والے خریداروں، دکانداروں اور دیگر شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ ثمینہ بشیر نے کہا کہ ماڈرن بازار کی تعمیر و ترقی کا بنیادی مقصد شہریوں اور تاجروں کو بہتر، منظم اور باعزت کاروباری ماحول فراہم کرنا ہے۔ ترقیاتی کاموں کی تکمیل کے ساتھ صفائی، تجاوزات کے خاتمے، ٹریفک کی روانی اور عوامی سہولیات کی دستیابی کو بھی یقینی بنانا ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماڈرن بازار میں جاری ترقیاتی کاموں کی مسلسل نگرانی کی جائے گی اور موقع پر فیلڈ انسپیکشن کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، تاکہ تمام کام مقررہ معیار کے مطابق مکمل ہوں اور شہریوں کو ان منصوبوں کے ثمرات سے مستفید ہونے کا موقع مل سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button