جہلم شہر میں گندگی کے ڈھیر، مچھر مار اسپرے کی عدم دستیابی سے ڈینگی اور ملیریا پھیلنے کا خدشہ

جہلم شہر اور گرد و نواح میں صفائی کی ناقص صورتحال اور مچھر مار اسپرے نہ ہونے کے باعث مکھیوں اور مچھروں کی بھرمار ہو چکی ہے، جس سے شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ گندگی کے ڈھیروں اور صفائی کے ناقص انتظامات نے ڈینگی اور ملیریا جیسے خطرناک امراض کے پھیلاؤ کا خدشہ پیدا کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جہلم شہر کے مختلف علاقوں اور مضافاتی بستیوں میں کئی مہینوں سے مچھر مار اسپرے نہیں کیا گیا، جس کے نتیجے میں گندگی کے پہاڑ نما ٹیلے مچھروں اور مکھیوں کی افزائش کا باعث بن رہے ہیں۔ مکھیوں سے مختلف متعدی بیماریاں جبکہ مچھروں کے ذریعے ڈینگی اور ملیریا کے کیسز بڑھنے کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔

شہریوں نے اس صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جہلم، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی، اور راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر گندگی کے ڈھیروں کو شہر سے باہر ڈمپنگ پوائنٹ پر منتقل کیا جائے اور پورے شہر میں مچھر مار فوگ اسپرے کروایا جائے تاکہ شہری بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو ڈینگی اور ملیریا جیسے جان لیوا امراض وبائی شکل اختیار کر سکتے ہیں، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ اداروں پر عائد ہوگی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button