سکولوں کیلئے تعلیمی کیلنڈر میں چھٹیاں کم کرنے کی تجویز پر غور

سکولوں کے لیے تعلیمی کیلنڈر میں چھٹیوں میں کمی لانے پر غور جاری ہے، جس کا مقصد تعلیمی سال کے دوران طلباء کی کارکردگی کو بہتر بنانا اور سلیبس کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانا ہے۔
پرائیویٹ سکولوں نے آئندہ تعلیمی سال میں ہفتے کی چھٹی ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ تعلیمی سال کم از کم 180 دن تک بڑھایا جا سکے۔ قاضی نعیم انجم سربراہ پاک ایوانِ تعلیم نے تجویز دی کہ گرمی کی چھٹیاں 2 ماہ جبکہ سردی کی چھٹیاں جنوری میں 10 دن کے لیے دی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ تعلیمی سال میں غیر اعلانیہ چھٹیوں کی وجہ سے صرف 127 دن تعلیمی سرگرمیاں ممکن ہو سکیں، جس کی وجہ سے سلیبس مکمل کرنے میں مشکلات پیش آئیں۔
قاضی نعیم نے مزید کہا کہ سلیبس کو بروقت مکمل کروانے کے لیے گرمی کی چھٹیوں میں سمر کیمپ لگانے کی اجازت دی جائے۔
محکمہ سکول ایجوکیشن نے سکولوں کی جانب سے کیے گئے مطالبات کو سن کر انہیں پورا کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، تاکہ تعلیمی معیار بہتر بنایا جا سکے اور طلباء کی تعلیمی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔



