پنڈدادنخان: چوہدری ناصر جاوید وڑائچ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ہی میاں نواز شریف کی قیادت میں ملک کو دوبارہ ترقی کی راہ پر ڈالے گی، 21 اکتوبر کو تحصیل پنڈدادنخان کی عوام لاہور میں میاں نواز شریف کا انتہائی فقید المثال استقبال کریں گے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما امیدوار صوبائی اسمبلی چوہدری ناصر جاوید وڑائچ نے خواجہ مزمل حسین کی رہائشگاہ پر تحصیل پریس کلب پنڈدادنخان کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میاں نواز شریف نے اپنے سابقہ ادوار میں ملک کو نا صرف لوڈشیڈینگ کے عذاب سے نجات دلائی۔ گیس، بجلی اور موٹر ویز کے جال بچھا دیئے۔
انہوں نے کہا کہ ہر شعبہ ہائے زندگی میں ترقی کی طرف رواں دواں کیا مگر یہ ترقی کچھ لوگوں کو پسند نا آئی اور غاصبانہ طریقے سے میاں نواز شریف کی حکومت کو ختم کر کے ملک کو تباہی اور بربادی کے دہانے پر پہنچا دیا گیا۔ عمران خان کی امپورٹڈ حکومت نے بیرونی آقاؤں کو خوش کرنے کےلئے ملک کے ہر شعبہ ہائے زندگی میں تباہی اور بربادی کے دہانے پر لا کھڑا کیا۔ موجودہ مہنگائی کی لہر نے غریب اور متوسط طبقے کی کمر توڑ کے رکھ دی۔
چوہدری ناصر جاوید وڑائچ نے کہا کہ میرا سیاست میں آنے کا مقصد صرف اور صرف عوام کی خدمت ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے مقامی طور پر کوئی اختلاف نہیں، پارٹی ہائی کمان الیکشن کی ڈیٹ کے اعلان کے بعد جسے مناسب سمجھے گی اسے ٹکٹ دے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپنے علاقے کی پسماندگی دیکھ کر دکھ ہوتا ہے میری دعا ہے کہ اللہ پاک مجھے اتنا دے کہ میں ہر یونین کونسل میں ایک ایک ایمبولینس دوں، جتنے بھی علاقے میں سماجی کام ممکن ہو کر سکوں۔ میری ہمیشہ یہی خواہش رہی ہے کہ جہاں بھی متحرک گروپ ہوں مل جل کر ان کے اختلاف دور کر کے محبت و پیار کو فروغ دیں۔
اس موقع پر سابق چیئرمین کھیوڑہ ملک مصدق حسین اسلم بھی ان کے ہمراہ تھے۔
