جہلم میں کھلے مین ہولز، صفائی اور ستھرا پنجاب مہم کی کڑی نگرانی کا فیصلہ، ڈسٹرکٹ انسپکشن ٹیموں کی تشکیل

جہلم: وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ جہلم نے عوامی سہولیات کی بہتری اور مانیٹرنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ضلع بھر میں ڈسٹرکٹ انسپکشن ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔ ان ٹیموں کے قیام کا بنیادی مقصد فیلڈ میں جاری ترقیاتی و اصلاحی کاموں کی کڑی نگرانی کرنا اور سرکاری احکامات پر سو فیصد عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق ان اسپیشل انسپکشن ٹیموں کو خصوصی ٹاسک سونپے گئے ہیں، جن میں ضلع بھر میں کھلے مین ہولز کی نشاندہی، انہیں فوری طور پر ڈھانپنے کے عمل کی نگرانی اور کسی بھی ممکنہ حادثے کی بروقت روک تھام شامل ہے۔ اس کے علاوہ یہ ٹیمیں ستھرا پنجاب مہم کے تحت صفائی کے انتظامات کا معائنہ کریں گی اور آوارہ کتوں کے خاتمے کے لیے جاری مہم کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیں گی۔

ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے اس حوالے سے بتایا کہ ڈسٹرکٹ انسپکشن ٹیمیں انتظامیہ اور عوام کے درمیان ایک مؤثر پل کا کردار ادا کریں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان ٹیموں کا مقصد صرف معائنہ کرنا نہیں بلکہ موقع پر موجود خامیوں کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ ان کے فوری ازالے کو یقینی بنانا ہے تاکہ شہریوں کو محفوظ، صاف ستھرا اور بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر جہلم نے مزید کہا کہ تمام انسپکشن ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر اپنی مانیٹرنگ رپورٹس ضلعی انتظامیہ کو پیش کرنے کی پابند ہوں گی، جبکہ غفلت یا کوتاہی کی صورت میں متعلقہ افسران اور اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ضلعی انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ عوامی مسائل کے حل اور شہری سہولیات کی بہتری کے لیے فیلڈ مانیٹرنگ کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے تاکہ حکومتی اقدامات کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچ سکیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button