پنڈدادنخان میں ناجائز تجاوزات کے خلاف بڑا ایکشن، متعدد دکانیں سیل، ہزاروں روپے جرمانہ

پنڈدادنخان: میونسپل کمیٹی پنڈ دادنخان کی حدود میں ناجائز تجاوزات کے خلاف بڑا ایکشن، متعدد دکانیں سیل اور ہزاروں روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں میونسپل کمیٹی کی حدود میں ناجائز تجاوزات کے بڑھتے ہوئے مسئلے کے پیش نظر اسسٹنٹ کمشنر نادیہ پروین نے کارروائی کرتے ہوئے مین بازار، لاری اڈا روڈ اور دیگر اہم مقامات پر میونسپل کمیٹی کے عملے کے ہمراہ تفصیلی انسپیکشن کیا۔
معائنہ کے دوران دیکھا گیا کہ دکانداروں کی جانب سے دکانوں کے باہر 8 سے 10 فٹ تک سامان رکھنا، ریڑھیاں اور خوانچے سڑکوں پر سجانے کے باعث شہریوں کی گزرگاہ بری طرح متاثر ہو رہی تھی۔ صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد اسسٹنٹ کمشنر نے متعدد دکانوں کو سیل کر دیا اور متعلقہ دکانداروں پر ہزاروں روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نادیہ پروین نے واضح کیا کہ آئندہ کسی بھی دکان کا سامان مقررہ حدود سے باہر پایا گیا تو براہِ راست دکان سیل کر دی جائے گی اور راستوں میں رکھا گیا سامان ضبط کر لیا جائے گا۔ انہوں نے میونسپل سٹاف کو ہدایت کی کہ عوامی راستوں کو ہر صورت کھلا اور صاف رکھا جائے تاکہ شہریوں کو آسانی سے آمد و رفت کی سہولت میسر ہو سکے۔



